فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم نے درجہ حرارت تبدیل ہوتے ہی سرکاری وپرائیویٹ سکولز میں انسداد ڈینگی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ سی ای او ایجوکیشن’ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر’ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کے سرپرائز وزٹ کر کے رپورٹ ارسال کریں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک غلام فرید کی طرف سے جاری ہونیوالے مراسلہ میں سی ای اوز ایجوکیشنز’ منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن’ ڈائریکٹر جنرل قائداعظم اکیڈمی ایجوکیشن، سی ای اوز پنجاب دانش سکولز سمیت دیگر کو کہا گیا ہے کہ درجہ حرارت تبدیل ہوتے ہی ڈینگی مچھر کی پرورش کے لیے موزوں موسم قرار دیا جا رہا ہے اور ڈینگی مچھر کی روک تھام کیلئے فوری طور پر سکولوں میں انسداد ڈینگی ایکٹویٹیز شروع کی جائیں۔ سکولوں کی عمارتوں کی چھتوں’ واش رومز’ پانی کی ٹینکیوں کی صفائی’ میدانوں میں گھاس کٹنگ’ پانی ذخیرہ کرنے کے بائونڈرز پائپ لائنوں سے پانی کی لیکج کو ختم کروایا جائے اور طلبہ وطالبات کو تاکید کی جائے کہ وہ آدھے بازوں کی شرٹس پہننے پر پابندی عائد کی جائے اور سکولوں میں روزانہ زیروپیریڈ میں بچوں کو ڈینگی مچھر سے بچائو کیلئے لیکچر دیئے جائیں اور سکول کے اندر اور باہر ڈینگی مچھر سے بچائو کے بینرز آویزاں کئے جائیں۔ سکولوں کی سطح پر نامزد کئے جانے والے فوکل پرسنز کو فعال کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر انسداد ڈینگی اقدامات کی رپورٹ حاصل کریں اور سی ای او ایجوکیشن’ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز’ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر افسران روزانہ کی بنیاد پر سرکاری وپرائیویٹ سکولوں کا سرپرائز وزٹ کرتے ہوئے انسداد ڈینگی ایکٹویٹیز کو چیک کریں اور انسداد ڈینگی اقدامات نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
23