23

سستا پٹرول سکیم جلد شروع ہوگی ‘ مریم اورنگزیب

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مستحقین کومفت آٹا فراہم کیا جارہا ہے، سستا پٹرول کے میکنزم کوفائنل کر لیا گیا ہے، سستا پٹرول کی سکیم جلد شروع ہو جائے گی ،معاشی مسائل کے باوجود عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشا ںہیں ، وزیراعظم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے کام کررہے ہیں ،خیبرپختونخوا میں مفت آٹے کی تقسیم جاری ہے ، بلوچستان اور سندھ میں بھی جلد تقسیم شروع کردی جائے گی ،وزیراعظم کی قیادت میں معاشی مشکلات کے باوجود سیلاب جیسی آفت پر قابو پایا ،پی ٹی آئی کے دورمیں عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ،ایک شخص ملک میں انتشار اورافراتفری چاہتاہے،آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کرکے ملک و قوم کو نقصان پہنچایا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے جبکہ ایک شخص ملک میں سول وار اور انارکی چاہتا ہے۔ کہ معاشی مسائل کے باوجود وزیراعظم عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے آٹے کی مفت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اب تک 42 لاکھ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کیے جا چکے ہیں، مفت آٹے کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ خیبرپختونخوا میں بھی جاری ہے، عوام کی فلاح وبہبود وزیر اعظم شہباز شریف کی ترجیح ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق حکومت میں چینی، آٹا چوری کیا گیا، سابق حکومت خزانے کو خالی کر کے گئی، معاشی مشکلات کے باوجود مفت آٹے کی تقسیم کو تمام صوبوں میں یقینی بنایا جائے گا، بہت جلد بلوچستان اور سندھ میں بھی آٹے کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ شخص ملک میں سول وار، انارکی چاہتا ہے، سستا پٹرول کے میکنزم کوفائنل کر لیا گیا ہے، سستا پٹرول کی سکیم جلد شروع ہو جائے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے قصور اور لاہور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مراکز کا اچانک دورہ کیا، وزیراعظم نے بزرگ شہریوں اور عوام سے مسائل بارے دریافت کیا، وزیراعظم کی طرف سے رمضان المبارک میں عوام کو مفت آٹے کی فراہمی تاریخی اقدام ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف دور میں عوام کو آٹا اور چینی سستے داموں فراہم کیے جاتے تھے، پی ٹی آئی دور میں عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں