31

سعودی عرب کے ڈپٹی وزیرداخلہ 12 مارچ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرینگے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر داخلہ 12 مارچ کو پاکستان کا سر کاری دورہ کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت کیلئے لاہور سمیت دیگر ہوائی اڈوں کو سعودی عرب کے انقلابی پروگرام “روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ “میں شامل کرنے پر حتمی فیصلہ ہو گا۔ وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خطہ خلیج کیساتھ بین الاقوامی تعاون کی کمیٹی کے سربراہ حافظ شفیق کاشف کے گھر آمد کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے حافظ شفیق کاشف کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شمولیت کے تحت پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستانی ہوائی اڈوں پر ہی سعودی عملہ کرے گا۔ سیلف بائیو میٹرک، کرونا وائرس سے قبل حج 2019 کے کوٹہ کی مکمل بحالی اور دیگر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ حافظ شفیق کاشف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں کی تعزیت کے لئے آمد پر شکریہ اداکرتے ہوئے سعودی عرب کے کامیاب دورے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے پر انہیں مبارک دی۔ انہوں نے اسے دونوں برادر اسلامی ممالک کے لئے نیک شگون قرار دیا۔ حافظ شفیق کاشف نے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک عازمین حج کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کیلئے ٹیکس فری کریں۔ انہوں نے کہاکہ خطہ خلیج اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں خاص طور پر دوطرفہ تجارت، معاشی سرگرمیوں میں فروغ وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب سے تعلقات میں اضافے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں