24

سوزوکی کا موٹر سائیکل پلانٹ بند

اسلام آباد (بیوروچیف)پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے پارٹس اور دیگر بنیادی پرزہ جات کی کمی کے باعث موٹرسائیکل پلانٹ 20 مارچ سے 31 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔ اسٹاک فائلنگ میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ کار اسمبل پلانٹ کام کرتا رہے گا۔پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے مالی سال 2023 کے ابتدائل 8 ماہ کے دوران 27ہزار 792 بائیکس اسمبل اور 24ہزار 981 بائیکس فروخت کیں جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 24ہزار 613 اور 24ہزار 515 یونٹس کے مقابلے میں بالترتیب 13 فیصد اور 2 فیصد زیادہ ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں ڈونگ فینگ ٹرک اور جے اے سی گاڑیوں کے اسمبلر گندھارا نسان لمیٹڈ نے پارٹس کی قلت کے سبب 6 سے 10 مارچ تک پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔اسٹاک فائلنگ میں کمپنی نے بتایا تھا کہ وہ 13 مارچ سے متبادل ہفتہ وار بنیادوں پر پیداواری سرگرمیاں شروع کرے گی۔گندھارا نسان لمیٹڈ نے کہا تھا کہ اس کی وجہ سے پوری سپلائی چین میں خلل پڑا ہے اور وینڈرز کمپنی کو خام مال اور پرزہ جات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔گزشتہ دنوں پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچرز نے ملک کی خراب ہوتی معاشی صورتحال کی وجہ سے صنعت کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا، خاص طور پر روپے کی قدر میں کمی اور درآمدات پر پابندیاں بڑے پیمانے پر پیداوار بند کرنے کا باعث بنی ہیں جس کی وجہ سے آٹو سیکٹر میں نوکریاں ختم ہو رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں