فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منچلوں نے بسنت مناتے ہوئے من مانیوں کی ”حد” کر دی، ہوائی فائرنگ’ ہلہ گلہ اور ڈیک لگا کر گانوں سے کان پڑی آواز بھی سنائی نہ دے رہی تھی، اپنی من مانیوں کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کر دیں، اعلیٰ پولیس حکام نوٹس لیکر سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں بسنت منانے کے نام پر پتنگ بازی کرتے ہوئے دھاتی ڈور کا استعمال کیا گیا جس سے کئی ناخوشگوار واقعات پیش آئے جس کے باوجود منچلوں نے ہوائی فائرنگ’ ہلہ گلہ اور ڈیک لگا کر گانوں پر رقص کا سلسلہ جاری رکھا جس سے لوگوں کو شدید پریشانی سے دوچار ہونا پڑا’ منچلوں نے مساجد میں نمازجمعہ کے خطبات کے دوران بھی اپنی بدتمیزیوں کا سلسلہ جاری رکھا جس پر لوگوں میں سخت غم وغصہ پھیلا، ستم بالائے ستم یہ کہ منچلوں نے اپنی بدتمیزیوں’ ہوائی فائرنگ اور ہلہ گلہ کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کر دیں، پولیس افسران کو چاہیے کہ وہ ٹیکنیکل ٹیم کی معاونت سے ان افراد کا سراغ لگائیں جنہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں ان کیخلاف مقدمات درج کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسی حرکات میں ملوث عناصر کا سدباب ہو سکے۔
21