فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ایچ کیو سول ہسپتال کی ہیڈ نرسز نے منظور نظر نرسز کو نوازنے کیلئے مخالف گروپ کی نرسوں کو پریشان کرنا شروع کر دیا۔ ڈی ایچ کیو سول ہسپتال کی نرسنگ آفیسرز نے ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ٹو ہسپتال کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے ہیڈ نرسز شبانہ’ ذکیہ’ جمیلہ’ صفیہ وغیرہ نے ایک گروپ بنا رکھا ہے اور اپنے منظور نظر نرسز کو نوازنے کیلئے مبینہ طور پر ”نذرانے” لیکر ان کی من پسند ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آفیسرز نرسنگ کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ جب کوئی نرسنگ آفیسر شکایات کرے تو اسکی تذلیل کی جاتی ہے اور بعض نرسنگ آفیسرز کو ہسپتال کے گروپ سے نکال دیا۔ جب اعلیٰ حکام کو شکایت کی تو ان کوبلاوجہ تنگ کرنا شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیڈ نرسز کی بھی وارڈز میں ڈیوٹی لگائی جائے تاکہ بلاوجہ نرسنگ آفیسرز کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند ہو سکے۔
