33

سویڈن میں توہین قرآن،مسلم ممالک میں مظاہرے

کراچی (بیوروچیف)سوئیڈن میں قرآن پاک کی توہین کیخلاف پاکستان ، ایران اور ترکی سمیت کئی اسلامی ممالک میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں، ان ممالک سمیت اسلامی تعاون تنظیم ، او آئی سی ، سعودی عرب، قطر اور دیگر ممالک نے بھی سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ، وزیراعظم شہباز شریف ، اپوزیشن رہنماوں عمران خان ، سراج الحق ودیگر نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے گئے، او آئی سی کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ سوئیڈش حکومت کی اجازت سے ہوا، سعودی عرب اور قطر بھی سراپا احتجاج ۔ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سمیت مختلف شہروں میں ہزاروںافراد نے سوئیڈن کے مکروہ فعل کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے، استنبول میں سوئیڈش قونصلیٹ کے باہر سیکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ، اس موقع پر اسلام مخالف سوئیڈش کارکن کا پتلا بھی جلایا گیا ، مظاہرین نے سوئیڈش حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اسلاموفوبیا کی حمایت کررہی ہے ،ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ باربا متنبہ کرنے کے باوجود سوئیڈش حکومت نے اس مذموم مظاہرے کی اجازت دی جس میں قرآن پاک کی توہین کی ، ترکیہ نے سویڈن کے وزیر دفاع پال جانسن کا دورہ بھی ترکیہ بھی منسوخ کر دیا ہے، جبکہ انقرہ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ دورہ اب اپنی اہمیت اور معنی کھو چکا ہے، ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار کی آڑ میں اس اسلام مخالف عمل کی اجازت دینا، جو مسلمانوں کو نشانہ بناتا ہے اور ہماری مقدس اقدار کی توہین کرتا ہے، مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی ا سپیکر زاہد اکرم درانی ،اپوزیشن رہنماوں عمران خان، سراج الحق ودیگر نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سویڈن میں ایک دائیں بازو کے انتہا پسند کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناونے فعل کی مذمت کے لیے الفاظ کافی نہیں، ان کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار کا لبادہ دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا،یہ ناقابل قبول ہے، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے بھی اسٹاک ہوم واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ کہ یہ سب سویڈش حکام کی اجازت سے ہوا، سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعہ پر احتجاج کیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں