فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ہائوسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب ساجد ظفر ڈل نے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ کی تعمیراتی پیش کا معائنہ کیا اور اس منصوبے کی مقررہ وقت سے قبل تکمیل کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ عمر فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سیکرٹری ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی کے منصوبے کی تصریحات اور اور تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب، سنئیر ریزیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید اور دیگر افسران کے علاوہ کنٹریکٹر کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری ہائوسنگ ساجد ظفر ڈل نے طارق آباد سے جھمرہ روڈ تک پیدل چل کر منصوبے کا فضائی جائزہ لیا اور پائلز کی تعمیر سمیت دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کام کی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ترقیاتی پروگرام میں حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل کے لئے تمام تر انتظامی اور تکنیکی وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ورک فورس کو ہمہ وقت متحرک رکھتے ہوئے 24 گھنٹے تعمیراتی کام جاری رکھا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ اس چیلنج میں سرخرو ہونے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ مقرر کر کے اس پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور روز بروز تعمیراتی کارکردگی میں اضافہ ہونا چاہیئے۔ انہوں کہا کہ منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے تعمیراتی حکمت عملی پر نظر ثانی کریں اس ضمن میں کام کی چال میں تعطل نہیں آنا چاہیے ،حکومت پنجاب کی طرف سے بقایا فنڈز بھی فراہم کر دیئے جائیں گے ۔انہوں افسران سے کہا کہ وہ موقع پر موجود رہ کر کڑی مانیٹرنگ کے ذریعے دیرپا اور پائیدار تعمیر کو یقینی بنائیں۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے سرد موسم کی مشکلات پر قابو پانے کیلئے جامع اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کے تعمیراتی مراحل کے باعث آمدورفت کے حوالے سے شہریوں کے معمولات متاثر نہیں ہونے چاہیے اس ضمن ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے اور متبادل راستوں کے بارے میں شہریوں کی موثر رہنمائی کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بتایا کہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ پر دن رات زور و شور سے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں اس ضمن میں فیسکو اور محکمہ سوئی گیس کی تنصیبات کی منتقلی میں تاخیر کو تعمیراتی چال میں آڑے نہیں آنے دیا گیا اس ضمن میں تمام فنی وانتظامی کام ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔نیسپاک اور کنٹریکٹر کے نمائندوں نے بھی منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ اس سے قبل سیکرٹری ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ نے سائٹ آفس میں بریفنگ لی اور منصوبے کی قبل از وقت تکمیل کے لئے نگران وزیر اعلی پنجاب کے احکامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مختلف تعمیرات کے لئے ٹائم لائنز مقرر کے ٹارگٹس کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
