59

شدید سردی میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں کو پرلگ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سردی کی لہر آتے ہی پولٹری مافیا نے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، برائلر مرغی کا گوشت 6 سو روپے فی کلو سے زائد اور انڈے 430 روپے فی درجن سے تجاوز کر گئے، ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ لی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کرنے کی بجائے گرم کمروں میں براجمان، جبکہ مرغی کا گوشت اور انڈے فروخت کرنے والے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے۔ تفصیل کے مطابق سردی کا موسم شروع ہوتے ہی پولٹری مافیا نے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آج مرغی کے گوشت 601روپے فی کلو اور انڈوں کی پیٹی 30 درجن کی قیمت 11460روپے مقررہ کی، لیکن شہر بھر کے گلی محلوں میں مرغی کا گوشت 620 روپے سے 640 روپے اور انڈے فی درجن 420 روپے سے 450 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں اور پرچون فروش ایک انڈا 40 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی سردی سے بچائو کیلئے انڈا کھانے سے بھی قاصر نظر آتا ہے۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے گرم کمروں میں براجمان، مہنگائی کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے دی۔ شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر عبداﷲ نیئر شیخ اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پولٹری مافیا کو لگام دی جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں