فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد میں الائیڈ ہسپتال ٹو (ڈی ایچ کیو)کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ،10 برس سے زیر التواء منصوبے نصرت فتح علی خان ہسپتال اوراسی ہسپتال میں پیرا پلیجک سنٹر کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپ گریڈڈ فیصل آباد الائیڈ ہسپتال ٹو کے وارڈ ز کا دورہ کیااوراعلی معیار کی تعریف کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے اپ گریڈڈ میڈیسن یونٹ، سرجیکل،ڈینٹل اور ایڈمن بلاک کا معائنہ کیا اوراستقبالیہ کاؤنٹرز پر مریضوں کی سہولت کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نصرت فتح علی خان ہسپتال میں پیراپلیجک سنٹرمیں خصوصی بچے ابوذر سے شفقت کا اظہار کیا اور والد سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اورادویات کے حوالے سے دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ایک برس کے دوران مثالی کام ہوا ہے۔محکمہ صحت اور محکمہ تعمیرات و مواصلات کی پوری ٹیم نے دن رات ایک کیا۔ سیکرٹری صحت نے دونوں ہسپتالوں کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، مشیر وہاب ریاض، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر فیصل آباد، آر پی او فیصل آباد، سی پی او فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
