35

شوکت علی رانا کی زیر قیادت تاریخ ساز ”الیکشن کرائو ‘ملک بچائو ” ریلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن کرائو ملک بچائو’ مہنگائی’ بے روزگاری اور لاقانونیت کیخلاف ایک عظیم الشان’ تاریخی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف وامیدوار برائے ایم پی اے PP-114 شوکت علی رانا نے کی’ جس میں پی پی 114 کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی’ ریلی کا آغاز ستیانہ روڈ آئیڈیل بیکری سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈی ٹائپ چوک میں اختتام پذیر ہوئی’ جگہ جگہ سینکڑوں کارکنوں نے ریلی کے شرکاء کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں’ کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے’ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیدوار پی پی 114 شوکت علی رانا نے کہا کہ مستحکم پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ امپورٹڈ حکمرانوں سے فوری نجات حاصل کی جائے اور فل الفور صاف اور شفاف جنرل الیکشن کا اعلان کیا جائے’ جنرل الیکشن میں جتنی دیر ہو گی ملکی معیشت مزید دلدل میں پھنستی جائے گی’ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سن لے عمران خان ہماری ریڈلائن ہے گرفتاری تو بہت دور اگر عمران خان کی طرف کسی نے آنکھ اٹھا کر دیکھا تو ہم اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ عمران خان کی قیادت میں آئین کو بچانے اور قانون کی بالادستی کیلئے شروع کی جانے والی جیل بھرو تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو گی، ہمیں قوی امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ مقررہ مدت نوے روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی، جمہوریت کی روح اور بنیاد انتخابات ہیں اور اگر اس سے انکار کیا جائے گا تو جمہوریت کیسے پنپ سکتی ہے، عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی حتمی تاریخ دینے کے بعد کارکنان پرجوش ہیں، کارکنان ایک دوسرے سے پہلے گرفتاری دینے کے لیے پرعزم ہیں، حقیقی آزادی کی اس جدوجہد میں صرف پی ٹی آئی کے کارکنان ہی نہیں عوام بھی جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے۔ ملک جن مشکلات سے دوچار ہے ایسے میں عمران خان اور تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کاوشیں کرنے کے بجائے عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آنے سے معیشت کے حالات درست ہو سکیں’ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے کرپشن کے کیس ختم کروانے اور سیاسی مخالفین پر بے بنیاد مقدمات قائم کر رہی ہے’ انہیں عوام مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں’ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیاہے اور کابینہ کی فوج عوام کے پیسے پر عیاشیاں کر رہی ہے’ عمران خان ہمارے آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں’ عوام پر ظلم کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے’ عوام ووٹ کی طاقت سے ان بے رحم حکمرانوں سے بدلہ لیں گے اور الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے’ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے منی بجٹ کا عذاب مسلط کرکے عوام کا جینا مشکل ترین بنا دیا ہے۔ پٹرول ‘ گیس ‘ آٹا ‘ گھی ‘ بجلی ‘ دالیں اور دیگر ضروریات زندگی مہنگی ہونے سے سب سے زیادہ اثر غریب طبقہ پر پڑا ہے ۔مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کو اس قدر مجبور کر دیا ہے جس کا زندہ رہنا مشکل بن چکا ہے ۔ موجودہ حکمرانوںکی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج عوام فاقوں پر آگئی ہے لیکن حکمرانوں کے کان پرجوں تک نہیں رینگ رہی ہے اور نہ ہی ان پر عوام کی دہائیوںکا کوئی اثر ہو رہا ہے ‘ امپورٹڈ حکمرانوں کو آئندہ عوام کسی صورت ووٹ نہیں دے گی قوم ان کی اصلیت جان چکی ہے اور ان کی اقتدار کی ہوس سے بھی پوری آگاہ ہے ۔ پی ڈی ایم ٹولہ عوام کے لئے وبال جان بن چکا ہے ۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کی پہلی جھلک قوم کو نظر آگئی ہے ۔ منی بجٹ میں 170 ارب کے نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔ قوم کو 700 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا جارہا ہے ۔ گیس میں 124 فیصد ‘ پٹرول 272 روپے لیٹر اور بجلی کی قیمتوں میں آٹھ روپے فی یونٹ اضافہ کی وجہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جسے سنبھالنا مشکل ہی نہیں بلکہ ممکن ہو جائے گا ۔ حکمران غریب مکائو ایجنڈے پر پر کام کر رہی ہے’ انہوں نے کہا کہ حلقہ کی عوام نے ریلی میں بھرپور شرکت کر کے جو عزت اور محبت مجھے دی ہے کبھی نہیں بھول سکتا’ میں ہمیشہ اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہوں ‘ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے ‘ ریلی میں شفاعت علی رانا’ شفقت علی رانا’ رانا قمر شہزاد ٹیپو’ فیصل علی رانا’ فیصل علی رانا’ رانا عبدالحسیب ٹیپو’ چوہدری شیراز حسین ملہی’ حسین علی رانا’ حسن علی رانا’ لیاقت علی رانا’ شیخ احسن’ شیخ محسن’ ملک رمضان لالی’ میاں نصیر سمیت پی پی114 کے کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں