اسلام آباد (بیوروچیف ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا ۔اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کابینہ نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے ہمارے آنے والے کل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔
