فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے راہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماں بٹ، یاسر کھاراایڈووکیٹ نے شہرمیںسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرمیں روزانہ موٹرسائیکل اور موبائل چھیننے کی درجنوں وارداتیںضلعی پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،مجرم اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے خا مو ش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ عوام کے جان ومال اور عزت وآبرو بھی غیر محفوظ ہوچکے ہیں۔فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیںاسکی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ عوام نے اگر از خود چوروںاور ڈاکوئوںکا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے۔ ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں۔
