فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرگرم لیگی رہنما’ ہر دلعزیز سیاسی’ سماجی شخصیت شیخ محمد یوسف کو قائدین نے PP-114 سے پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا، حلقہ بھر میں لیگی کارکنوں’ ووٹروں اور سپورٹروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ایم پی اے منتخب ہو کر قائدین کے اعتماد پر پورا اتروں گا، علاقہ کو جنت نظیر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، شیخ محمد یوسف کا بیان۔ تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے سابق ڈپٹی میئر فیصل آباد شیخ محمد یوسف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں PP-114 کا پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے، واضح رہے کہ موصوف خداداد صلاحیتوں کے مالک اور ملک وقوم کی بے لوث خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اوران کو پارٹی ٹکٹ جاری ہونے پر حلقہ بھر کے ووٹروں اور سپورٹروں میں جوش وخروش بڑھ گیا، اہالیان علاقہ نے اسی خوشی میں پرجوش نعرے لگائے اور شیخ محمد یوسف کے ڈیرے پر لوگوں کا تانتا بندھ گیا، اس موقع پر موجود افراد کا جوش وجذبہ قابل دید تھا اور انہوں نے پرجوش انداز میں میاں محمد نواز شریف زندہ باد’ میاں محمد شہباز شریف زندہ باد’ رانا ثناء اﷲ خاں زندہ باد اور شیخ محمد یوسف زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر شیخ محمد یوسف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی ٹکٹ ملنے پر قائدین کا مشکور ہوں اور انشاء اﷲ ہر موقع پر قائدین اور عوامی امنگوں پر پورا اتروں گا۔
