شادی کے رشتے میں آنے والے ناخوشگوار لمحات اور طلاق یا علیحدگی کو خفیہ رکھنے اور سوشل میڈیا پر شادی کے اچھے لمحات کو شئیر کرنے پر اداکارہ اور ماڈل صحیفہ جبار خٹک نے اداکاروں اور سوشل میڈیا انفلونسرز سمیت نامور شخصیات پر تنقید کی۔ماڈل صحیفہ جبار خٹک نے ساتھی اداکاروں اور انفلونسرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فالوورز کو شادی جیسے نازک رشتے کے بارے میں غلط تصویر پیش کررہے ہیں، اس رشتے میں رہ کر کن چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔انہوں نے مشورہ دیا کہ کیمرا کے سامنے بیٹھ کر اپنے نوجوان فالوورز کو شادی کے رشتے میں آنے والے چیلنجز کے بارے میں وہ باتیں بتائیں جو والدین انہیں بتانا بھول جاتے ہیں۔ اپنے غیر ملکی دوروں کی تصاویر پوسٹ کرنا بند کریں، فالوورز کو بتائیں کہ آپ نے کتنی محنت کے ساتھ سب کچھ حاصل کیا ہے ، نوجوان نسل کو چیلنجز بارے بتائے بغیر محنت کا پھل مت دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خراب اور تشدد پر مبنی تعلقات کے خلاف ہیں، وہ اس بات پر بھی یقین رکھتی ہیں کہ انسان کو کسی بھی رشتے پر اپنے خواب، عزائم، عزت نفس اور ذہنی حالت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے لیکن ہر ایک کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ کئی لوگوں کے لیے رشتہ ختم کرنا بہت آسان ہوگیا ہے ، کسی بھی انسان کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر رشتہ ختم نہیں کرنا چاہیے ۔
