46

ضلعی انتظامیہ ناکام،فیصل آباد مسائلستان بن گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عدم توجہ’ غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان کا مانچسٹر فیصل آباد مسائلستان بن گیا’ جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ’ شہر کی اہم سڑکیں تباہ حالی کا منظر پیش کرنے لگیں، گرانفروشوں کو کھلی چھٹی’ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلنے کی بجائے ٹھنڈے کمروں میں براجمان’ جرائم کی شرح میں اضافہ’ سڑکوں کا انفراسٹرکچر تباہ’ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی پر حکمران جماعت کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی’ ٹکٹ ہولڈرز بھی سراپا احتجاج، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں’ ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کے سربراہان نے چپ سادھ رکھی ہے، جرائم پر قابو پانے اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو لگام دینے میں ناکام ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق ملک کے دوسرے بڑے صنعتی شہر ومانچسٹر آف پاکستان فیصل آباد میں حکومتی رٹ نام کی کوئی چیز نہیں’ شہر کی اہم سڑکیں’ پل جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ جبکہ شہر بھر کے اکثر علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے لگیں۔ شہر بھر کے اکثر علاقوں میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں، سیوریج سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے۔ نشیبی علاقوں میں سیوریج ملا پانی اور سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا رکھی ہے، لوگوں کا گلی’ محلوں میں گزرنا محال ہو چکا ہے۔ جبکہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں نے ات مچا رکھی ہے۔ اشیاء خوردونوش کے من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں۔ سرکاری اداروں کے سربراہان خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے۔ برائلر’ بکرے اور بڑا گوشت کے ہر علاقہ میں اپنے اپنے ریٹ مقررہ کر رکھے ہیں۔ اشیاء خوردونوش میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ گندم کے ریٹ کم ہونے کے باوجود ”نانبائی” پرانے ریٹس پر روٹی فروخت کرنے سے گریزاں۔ آئے روز مہنگائی کی وجہ سے غریب شہری کمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ سرکاری اداروں کے اہلکار جائز کام بھی نذرانہ وصول کئے بغیر نہیں کرتے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے زیرسایہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں جانے کی بجائے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر کاغذی کارروائیاں کر کے حکمرانوں کو سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ فیصل آباد میں تعمیر وترقی کا کوئی بھی کام نہیں ہو رہا اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ سڑکوں’ گلیوں کی تعمیر تو درکنار اہم شاہراہوں پر پیچ ورک بھی نہیں کر رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف’ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سمیت ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے’ مہنگائی پر قابو پانے’ فراہمی ونکاسی آب کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں