46

ضلعی انتظامیہ ٹوبہ کی منی پٹرول پمپس کیخلاف کارروائیاں ، مقدمات درج

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر وکنٹرولر سول ڈیفنس محمد نعیم سندھو کی ہدایات پر سول ڈیفنس آفیسر کی زیر نگرانی انفورسمنٹ ٹیموں نے سال 2023 میں ایل پی جی گیس ریفلنگ کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے28مقدمات درج کرائے، 59 چالان اور83غیر قانونی دکانوں کو موقع پر سربمہر کردیا۔سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل نے 2023 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منی پٹرول پمپس اور کھلے پٹرول کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے20پٹرول ڈسپنسرز/ڈیجیٹل سکیلز ودیگر سامان کو قبضہ میں لے لیا گیا۔ 54 کے خلاف مقدمات، 101 چالان اور78غیر قانونی پٹرول ایجنسیز/پٹرول شاپس کو موقع پر سیل کیا گیا۔سول ڈیفنس آفیسر نے بتایا کہ انسٹرکشنل سٹاف کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں،انڈسٹریل اینڈ کمرشل سیکٹرز، سرکاری دفاتر اور سول ڈیفنس وارڈنز کیلئے آگ سے بچائو، ابتدائی طبی امداد کی 64 ٹریننگ کلاسز کا انعقاد کیا گیا جن میں 2689 سے زائد افراد کو تربیت فراہم کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ انسٹرکشنل سٹاف کی جانب سے ویونگ فیکٹریز، پٹرول پمپس، فلورملز، بلند وبالا عمارات ودیگر اداروں میں آگ بجھانے/فائر سیفٹی انتظامات کا معائنہ کرنے کیلئے 3702 انسپیکشن وزٹ کئے گئے اور نامکمل انتظامات پر 234 اداروں کو نوٹس جاری کئے، 160 کے چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوائے جس پر عدالت نے سات لاکھ ایک ہزار پانچ روپے جرمانہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں