اسلام آباد(بیوروچیف)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرزکی فراہمی کا عمل شروع کردیا۔پوسٹل بیلٹ پیپر سے اہل افراد 22 جنوری تک اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کا عمل مکمل کریں گے جب کہ پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے پر ووٹر اپنے ووٹ کو مقررہ وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکوبھجوائے گا۔واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات آئندہ ماہ 8 فروری کو شیڈول ہیں جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام معمول کے مطابق جاری ہے ۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ انتخابی نشانات کی تبدیلی کا عمل جاری رہا تو الیکشن میں تاخیرکا خدشہ ہے ، بیلٹ پیپر دوبارہ پرنٹ کرانا پڑیں گے جس کے لیے پہلے ہی وقت محدود ہے ۔
