چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، الیکشن مقررہ تاریخ کو ہی منعقد ہونگے، قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، سیاسی جماعتوں’ امیدواروں اور ووٹرز کو انتخابات کے حوالے سے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور ووٹرز کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ ملک میں جمہوری عمل کو تقویت دینے کیلئے عام انتخابات کے انعقاد کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا یہ کہنا کہ الیکشن مقررہ تاریخ کو ہی منعقد ہونگے، خوش آئند ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی جماعتوں’ امیدواروں اور ووٹرز کو پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں اور انتخابی ریلیوں اور جلسوں کو بھی مناسب سکیورٹی مہیا کی جائے اور الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، ملک میں پُرامن عام انتخابات کے انعقاد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، تمام تر حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر مکمل توجہ دی جائے اور تمام متعلقہ اداروں کو فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بعض سیاسی رہنمائوں نے ملک میں شدید سردی کو جواز بنا کر عام انتخابات کچھ دنوں کیلئے ملتوی کرنے کی باتیں بھی کیں لیکن چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات مقررہ تاریخ کو ہونے بارے واضح کر کے احسن اقدام اٹھایا ہے، وطن عزیز میں الیکشن کا بروقت انعقاد ضروری ہے اور برف باری سے متاثرہ اضلاع میں الیکشن کے دن تمام سڑکوں اور راستوں کے کھلا رکھنے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پولنگ سٹیشنوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ملک میں پُرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گا۔ اس وقت ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کا سلسلہ عروج پر پہنچ رہا ہے، مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے اپنے امیدواروں کو اپنی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، کئی شہروں میں سیاسی قائدین بڑے انتخابی جلسوں سے بھی خطاب کر رہے ہیں، ملک میں انتخابی گہما گہمی بڑھنا اس بات کی نوید ہے کہ قوم ملک میں عام انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتی ہے، اﷲ کرے ملک جمہوری اقدار کو فروغ ملے، عام انتخابات پرامن اور شفاف ہوں اور عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے جنہیں برسراقتدار لائیں وہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ملکی تعمیر وترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں، سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے ملک سے مہنگائی کے خاتمے’ غربت اور بیروزگاری کے خاتمے اور دیگر عوامی مشکلات کے حل کیلئے بلند وبانگ دعوے کئے جا رہے ہیں، پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نجات دلانے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرکے اسے ایشین ٹائیگر بنانے کے وعدے بھی کئے جا رہے ہیں، اﷲ کرے جو سیاسی جماعت برسراقتدار آئے وہ اپنے وعدوں کو پورا کرے، عوام خوشحال ہوں اور مملکت خداداد پاکستان حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنے۔
