فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر کے بارونق علاقے عبدالرشید غازی سابق جی ٹی ایس چوک میں پی ٹی سی ایل کے مین ہول کا ڈھکن پھر غائب ہو گیا، جسکی وجہ سے حادثات ہونے لگے جبکہ شہریوں نے مین ہول کے گرد اینٹیں لگا دیں، شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد سلوت سعید’ ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے مین ہول پر ڈھکن رکھوایا جائے تاکہ حادثات سے محفوظ رہ سکیں۔ تفصیل کے مطابق ڈیلی بزنس رپورٹ نے چند روز قبل عبدالرشید غازی چوک میں مذکورہ پی ٹی سی ایل کے مین ہول سے ڈھکن غائب ہونے کی خبر شائع کی تو ضلعی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ مین ہول پر ڈھکن رکھوا دیا تھا، جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا، تاہم گزشتہ روز مذکورہ عبدالرشید غازی چوک ڈیلی بزنس رپورٹ کے آفس سے دوبارہ مذکورہ مین ہول سے ڈھکن غائب ہو گیا اور مین شاہراہ سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں گزرتی ہیں اور مین ہول کا ڈھکن نہ ہونے کے باعث حادثات بڑھنے لگے اور کئی شہری اس میں گر کر زخمی بھی ہو چکے ہیں، تاہم شہریوں کی طرف سے مذکورہ مین ہول کے گرد اینٹیں رکھ کر نشاندہی کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو حادثہ سے محفوظ رکھا جا سکے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ مین ہول پر دوبارہ ڈھکن رکھوایا جائے۔
17