9

عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرینگے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرکے شہریوں کو نئے سال کا ترقیاتی تحفہ دینگے جس پر بھرپور انداز میں تعمیراتی کام جاری ہے. یہ بات ڈپٹی کمشنر عبد اللہ نیئر شیخ نے ایف ڈی اے کی زیر نگرانی ایک ارب 36کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور کے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے تعمیراتی پہلوئوں اور اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال ، سینئر ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعیدودیگر انجینیئرز کے علاوہ تعمیراتی کمپنی کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف تعمیرات کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ عبد اللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے اہم منصوبے کی بدولت نہ صرف اس مقام پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہری ترقی اور ٹر یفک مینجمنٹ کے حوالے سے مستقبل کی ضرورتوں کوپورا کرے گا جس سے شعبہ مواصلات میں جدید سہولیات سے سماجی و معاشی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روزانہ پراگریس میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ سرد موسم کی مشکلات سے نپٹنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں ورک فورس کا خیال رکھنے کے علاوہ تعمیراتی میٹریل کی ترسیل کیلئے خصوصی پیش بندی کریں ۔ انہوں نے شٹرنگ کے مرحلے سمیت گرڈرز کی تنصیبات کو محفوظ انداز میں مکمل کرنے کیلئے تمام ترفنی و انتظامی امور کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کام کی رفتار میں کسی لمحہ تعطل نہیں آنا چاہئے اس سلسلے میں کوئی محکمانہ یا انتظامی مشکل /رکاوٹ درپیش ہوتو فوری طور پر ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے تعمیراتی اہداف کے حصول کو یقینی بنایاجاسکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں