فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عداوت کی بناء پر مشتعل افراد نے گھر سے بلا کر نوجوان کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 7 ج ب کے رہائشی 24سالہ تفسیر عباس ولد محمد خان کا بعض ملزمان کے ساتھ عداوت بازی چلی آ رہی تھی گزشتہ روز ملزمان کار پر آئے اور تفسیر عباس کو گھر سے بلا کر ساتھ لے گئے اور راستے میں گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے پھینک کر فرار ہو گئے۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔
