36

علاج کی بجائے لوگوں میں مرض سے بچائو کیلئے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مرض کے علاج کی بجائے لوگوں میں مرض سے پیشگی بچائو کیلئے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری غیر سرکاری تنظیموں سے ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ٹرانسپرنٹ ہینڈز فائونڈیشن یو ایس اے کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ وفد میں فائونڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ رمیضہ معین ، ڈائریکٹر آپریشن راحیل عباس اور ہیڈ کارپوریٹ افیئرز محمد فیصل حمید شامل تھے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ پاکستان میں صحت کارڈ کی سہولت کے ساتھ ساتھ رجسٹر ڈ محنت کشوں کو سوشل سیکورٹی اور سرکاری ہسپتالوں کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ اس صورتحال میں غیر سرکاری رفاعی تنظیموں کی طرف سے طبی سہولتوں کی فراہمی دوہرے پن کا باعث بن سکتی ہے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے ملک میں وسیع پیمانے پر بیماریوں سے بچائو کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کم سے کم لوگ بیمار ہوں اور اُ ن کے علاج پر آنے والے اخراجات کو کم کیا جا سکے ۔ صدر چیمبر نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اگرچہ بزنس کمیونٹی کا منتخب ادارہ ہے مگر ہم شہر اور شہریوں کی فلا ح وبہبود کیلئے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے ٹرانسپرنٹ ہیڈز فائونڈیشن کے اغر ا ض و مقاصد کو سراہا اور کہا کہ جب فائونڈیشن فیصل آ باد میں کیمپ لگائے تو وہ خدیجہ ٹرسٹ ہسپتال کا ضرور دورہ کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں