اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ عمران خان تمہاری 2018 کی سلیکشن کمیٹی ٹوٹ گئی، سلیکٹرز گھر چلے گئے اور اب کان پکڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمہیں سلیکٹ کرنے والے آج مان رہے ہیں کہ عمران کا گھر جانا ضروری تھا، وہ ملک کیلئے خطرہ بن گیا تھا جس خطرے کا آپ کو آج پتا چلا ہے، وہ ن لیگ کو 2018 میں ہی پتا چل گیا تھا۔ان کا کہنا تھاکہ کل اسٹیبلشمنٹ کو کہہ رہا تھا کہ تالی کیلئے میں نے تو ہاتھ بڑھایا ہے دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا، اس کا رونا دھونا اس لیے کہ اس کو تالی بجانے کیلئے دوسرا ہاتھ نہیں مل رہا، اب اسے تالی بجانے کیلئے دوسرا ہاتھ نہیں ملے گا،اب یہ تالی نہیں بجے گی۔لیگی سینیئر نائب صدر کا کہنا تھاکہ الیکشن سے سلیکشن والے ڈرتے ہیں مسلم لیگ ن نہیں، الیکشن سے وہ ڈرتا ہے جو سلیکٹ ہو کر آیا تھا، مسلم لیگ ن الیکشن کی تیاری شروع کرچکی ہے، بزدلوں کی طرح چھپ کر زمان پارک میں بیٹھے ہو ن لیگ میدان میں ہے، ہم نے ہارنے کیلئے نہیں جیتنے کیلئے میدان میں اترنا ہے، جتنا چاہے ٹانگ پر پلاسٹر چڑھالو، گھڑی کا، اولاد کا اور فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا۔مریم نواز نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر بھی نام لیے بغیر تنقید کی اور کہا کہ بابا رحمتے اس قوم کا بابا زحمت بن گیا ہے، آج گلی گلی صداقت و امانت کے پول کھل رہے ہیں۔
30