فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف ویسٹ ریجن پنجاب کا اجلاس صدر ویسٹ ریجن پنجاب چوہدری فیض اللہ کموکا ایم این اے کی صدارت میں ہوا جس میں جنرل سیکرٹری ویسٹ ریجن پنجاب رائے محمد مرتضیٰ اقبال ایم این اے سمیت فیصل آباد’ ٹوبہ’ چنیوٹ’ جھنگ’ ساہیوال’ پاکپتن’ اوکاڑہ کے ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی’ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف ویسٹ ریجن پنجاب کا اجلاس صدر ویسٹ ریجن پنجاب چوہدری فیض اللہ کموکا ایم این اے اور جنرل سیکرٹری ویسٹ ریجن پنجاب رائے محمد مرتضیٰ اقبال ایم این اے کہا کہ ہم سب کا جینا مرنا عمران خان کے ساتھ ہے’ آپ سب اپنے اپنے شہروں میں قائد عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور خاص طور پر یوتھ کو پارٹی میں لائیں تاکہ ہماری نوجوان نسل کو معلوم ہو کہ کس طرح کرپٹ حکمران میرے وطن کو گذشتہ تیس سال سے لوٹ رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان حق کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم سب کا فرض ہے کہ عمران خان کا دست و بازو بن کر ملک سے کرپٹ اور امپورٹڈ ٹولے کو بھگائیں’ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے دہانے کھڑا ہے مگر حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں’ مہنگائی کا رونا رونے والے امپورٹڈ حکمرانوں نے آج غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے’ غریب اور مزدور ایک بیگ آٹے کیلئے اپنی جانوں پر کھیل رہے ہیں پھر بھی انہیں آٹا میسر نہیں’ انہوں نے کہا کہ ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے آج ملک میں بجلی اور گیس ناپید ہو گیا ہے’ ڈالر کی اڑان قابو میں نہیں آ رہی اور تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں’ لہٰذا آج لوگ اپنے قائد عمران خان کا پیغام لے کر گلی کوچوں میں جائیں اور عوام کو ان امپورٹڈ حکمرانوں کے کرتوت بتائیں’اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی ٹوبہ’ چنیوٹ’ جھنگ’ ساہیوال’ پاکپتن’ اوکاڑہ سے آئے ہوئے ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ہم اچھے اور برے وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں’ انشاء اللہ آنے والا وقت پی ٹی آئی ہے’ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کا فوری انعقاد ہے’ الیکشن میں جتنی دیر ہو گی ملک اتنا بھی پیچھے جائے گا’ ہم اپنے اپنے شہروں میں کارکنوں کو فعال کرنے کیلئے مختلف ریلیوں کا اہتمام کر رہے ہیں تاکہ عوام ان امپورٹڈ حکمرانوں کے جھانسے میں نہ آ سکیں’ اس کے علاوہ اجلاس میں تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
41