لاہور (بیوروچیف) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس کوئی معاشی منصوبہ نہیں،جلاؤ،گھیراؤ، مار دو، مرجاؤ، یہ ان کا ایجنڈا ہے۔ پارٹی کے نوجوان رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس کوئی معاشی منصوبہ نہیں، جلاؤ،گھیراؤ، مار دو، مرجاؤ، یہ ان کا ایجنڈا ہے، کوئی ایک کالج، یونیورسٹی، اسپتال یا موٹروے بنائی تو بتادیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ سائفر فراڈ کے سوا کچھ نہیں، جھوٹا بندہ کبھی سچ بول ہی نہیں سکتا، بہت سنا ہم کوئی غلام ہیں، امپورٹڈ حکومت، حقیقی آزادی، ایبسلوٹلی ناٹ، آج پوچھ سکتی ہوں حقیقی آزادی کا کیا ہوا؟ غلامی نامنظور کے نعرے کا کیا ہوا؟ جس یوتھ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، اردو میں بتائیں آپ نے جھوٹ بولا، دھوکا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے مہذب ملکوں سے تعلقات خطرے میں ڈال دیے، کدھر گیا وہ بیانیہ، اس کی موت ہوئی، تدفین زمان پارک میں ہونی چاہیے، آج سوال کرنا چاہیے، ہمیں کیوں بے وقوف بنایا،گاڑیوں پر غلامی نامنظورکے اسٹیکر لگوائے اس کا کیا کریں؟ جھوٹے بیانیے کے لیے لوگوں کو غدار اور ایجنٹ کہا، کوئی ندامت ہے اپنے جھوٹ پر،کوئی شرمندگی ! انہوں نے کہا نوجوانوں پر اس وقت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کو موجودہ عدم استحکام سے نکالنے کے لئے مثبت کردار ادا کریں ۔
20