فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عوامی مقبولیت میں اضافہ’ مہنگائی کے طوفان سے پریشان لوگ PDM حکومت سے خفا’ مسلم لیگ (ن) کو سب سے زیادہ سیاسی نقصان’ حالات نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ کو طاقتور بنا دیا، کپتان کی مقبولیت بڑھنے سے PTi کا پارٹی ٹکٹ ہاٹ کیک بن گیا۔ تفصیل کے مطابق PTi کے چیئرمین عمران خان کی عوامی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا، ڈالر کی بے قدری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے آنیوالے مہنگائی اور بیروزگاری کے طوفان نے لوگوں کو دن میں تارے دکھا دیئے، مہنگائی کے ستائے لوگ PDM کے حکمران ٹولے سے اکتائے نظر آتے ہیں اور لوگ اب ان مشکلات سے نجات کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کو اپنی امیدوں کا مرکز بنا رہے ہیں، ان کی عوامی مقبولیت بڑھنے سے PTi کا ٹکٹ بھی ہاٹ کیک بن چکا ہے، فیصل آباد میں ہر دوسرا سیاستدان پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ کا خواہاں ہے، امیدواروں نے کپتان عمران خان کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے کمرکس لی ہے اور وہ کارنر میٹنگز اور ریلیوں کے انعقاد کے ذریعے اپنی اہمیت کا احساس دلا رہے ہیں۔ یہ بات بھی بڑی توجہ طلب ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو سب سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے، حالات نے کپتان عمران خان کے بیانیہ کو طاقتور بنا دیا اور فیصل آباد میں PTi کے ٹکٹ کے لیے بہت بڑی تعداد میں امیدواروں کا موجود ہونا کپتان عمران خان کی عوامی مقبولیت میں اضافے کا منہ بولتا ثبوت بن گیا ہے۔
27