69

عوام بنام ڈویژنل کمشنر فیصل آباد……

فیصل آباد ڈویژن بالخصوص ضلع فیصل آباد اور شہری علاقوں کے مکین ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید کی مثالی کارکردگی کے معترف ہیں، موصوفہ خاتون ہونے کے باوجود شہری ودیہی علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے جو متحرک کردار ادا کر رہی ہیں وہ قابل تحسین ہے، یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جس کسی نے بھی اپنے فرائض محنت’ لگن اور ذمہ داری سے سرانجام دیکر فیصل آباد کی تعمیر وترقی کے لیے کام کیا وہ زندہ دلان فیصل آباد کے دلوں میں گھر کر گیا’ ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید بھی ڈویژن’ ضلع اور شہری علاقوں پر مکمل توجہ دے رہی ہیں، انہوں نے اسی جوش وجذبہ سے اپنے کام کو جاری رکھا تو یقینی طور پر وہ شہر کے حسن کو چار چاند لگا دینگی اور زندہ دلان فیصل آباد کی نظروں میں امر ہو جائیں گی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی فیصل آباد آئے تو انہوں نے ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید کے ہمراہ شہر کا فضائی جائزہ لیا، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید سے کہا کہ وہ فیصل آباد کو گائوں نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں پنجاب کا دوسرا بڑا شہر بنائیں، نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کے ساتھ فیصل آباد کا فضائی جائزہ لینے کے بعد ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید نے بھرپور انداز میں شہری ودیہی علاقوں کی تعمیر وترقی کے لیے مثالی اقدامات اٹھائے، گرین بیلٹس کی بہتری’ پارکوں کی خوبصورتی سڑکوں کی تعمیر ومرمت سمیت دیگر کام ہونے سے ہر طرف شہری ترقی کا عمل نظر آ رہا ہے، ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید کو چاہیے کہ وہ اپنا کام اسی جوش وجذبہ سے جاری رکھیں اور صورتحال کا خود جائزہ لیکربھرپور اقدامات اٹھائیں، جب کبھی ان کو ”سب اچھا ہے” کی رپورٹ ملے تو وہ اسی پر ہی انحصار نہ کریں بلکہ صورتحال کا خود جائزہ لیں اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں، میں ان سطور میں ان کی توجہ فیصل آباد کے شہریوں کو درپیش چند مسائل کی طرف مرکوز کروا رہا ہوں پرانا پُل جھال خانوآنہ پر ستیانہ روڈ کی طرف سے آئیں تو پُل کی خستہ حالی کے باعث مشکلات پیش آتی ہیں لہٰذا لوگوں کو درپیش یہ مسئلہ حل کیا جائے اور پرانا جھال خانوآنہ پُل جہاں جہاں سے خستہ حالی کا شکار ہے، وہاں ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں کام کروایا جائے، فیصل آباد میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانا بھی اشد ضروری ہے، ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید کو چاہیے کہ وہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنا کر فیصل آباد کے حسن کو نکھاریں، فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنانا چاہیے تاکہ وہ اپنے فرائض محنت’ لگن اور خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں، یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ FWMCملازمین کوتنخواہیں نہ ملنے پراحتجاج کیلئے مجبورہونا پڑا،عملہ صفائی کے کام چھوڑدینے پر شہربھر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے توارباب اختیار کوہوش آیا اورملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی کیلئے گرانٹ جاری کردی گئی مگراسے کیا کہیئے کہ چند ہفتوں بعد ہی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملہ صفائی کیلئے کام کرنا ایک بارپھرمشکل بن گیا کیونکہ انہیں کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیوں کیلئے پٹرول اورڈیزل کی فراہمی بند ہوگئی ہے،اس صورتحال سے فیصل آباد میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ جمع دکھائی دیتا ہے اورتعفن زدہ ماحول نے لوگوں کا ناک میں دم کررکھا ہے،اس حقیقت سے ہرخاص وعام آگاہ ہے کہ شہریوں کوسرسبزوشاداب، خوبصورت ترین فیصل آباد کے خواب دکھائے جاتے ہیں مگریہاں پرصفائی کے نظام کی بہتری پر بھی توجہ نہ دی جا رہی ہے اور ٹیکسٹائل سٹی کو پھولوں اورخوشبوئوں کا شہر بنانے کے دعوے کرکے شہریوں کوتعفن زدہ ماحول میں رہنے پر مجبور کرنا ستم ظریفی ہے،ڈویژنل کمشنرمحترمہ سلوت سعید سے اپیل ہے کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو تنخواہوں،پٹرول اور ڈیزل کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں،صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے تجاویز طلب کی جائیں اوران کی روشنی میں لائحہ عمل طے کرکے صاف ستھرےفیصل آباد کے خواب کوعملی جامہ پہنایا جائے، منافع خورمافیا کی کار ستانیاں بھی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں اور اشیا ئے ضرو ریہ کا مقررہ قیمتوں پرملنا محال ہے،قیمتوں میں من مرضی کا اضافہ کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ضروری ہے تاکہ لوگوں کولٹنے سے بچایا جا سکے ،اس لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کومتحرک کرکے ان کی کارکردگی پرنظررکھنی چاہیے،فیصل آباد کے عوام نے ٹریفک نظام کی تباہ حالی کی بھی ”دہائی”دی ہے۔بلاشبہ!مانچسٹرآف پاکستان میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل نے لوگوں کوکربناک صورتحال سے دوچارکردیا ہے، ٹریفک سگنلزکی خرابی دورکرنے پرتوجہ نہیں دی جا رہی اورون وے کی پابندی کا تصور ہی ختم ہوتا جارہا ہے،ٹریفک جام میں گاڑیاں پھنسی رہتی ہیں ،CTOمقصود احمد لون نے اپنی تمام ترتوجہ چالانوں کی بھرمارپر مرکوزکررکھی ہے اورسڑکوں پرموجود ٹریفک وارڈنزکی ڈیوٹی محض چالانوں کا ٹارگٹ پورا کرنے پرلگی محسوس ہوتی ہے،ان حالات میں منچلوں نے ون ویلنگ کوبھی اپنا شیوہ بنا رکھا ہے،فیصل آباد میں ٹریفک نظام کی خرابی کا مسئلہ شہریوں کیلئے درد سربن کررہ گیا ہے،سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بڑھ چکی ہیں مگر اس کے باوجود CTOکی جانب سے اس مسئلہ کے حل پرتوجہ نہ دینا لمحہ فکریہ ہے، لہٰذا ٹریفک قوانین کی پاسداری اورٹریفک کی روانی کوبہتربنانے پرفوری توجہ دینی چاہیے،فیصل آباد میں تجاوزات کی بھرماربھی شہریوں کیلئے اذیت ناک مسئلہ بن چکی ہے،شہربھرمیں پلازے اوردکانیں گاہکوں سے خالی نظر آتی ہیں اورسڑکوں پردکانداریاں سجانے کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد نے تجاوزات مافیا کیخلاف سخت کارروائی نہ کرنا معمول بنا رکھا ہے اور8بازاروں سمیت تمام علاقوں میں ریڑھیاں لگی نظرآتی ہیں،یہ مسائل شہریوں کیلئے پریشان کن صورتحال کا باعث بن چکے ہیں اوران کے حل کیلئے اب لوگوں کی توجہ ڈویژنل کمشنر محترمہ سلوت سعید پرمرکوز ہوچکی ہے،امید ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کرواکے شہریوں کی امیدوں کوپورا کرینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں