26

غیر قانونی ہائوسنگ کالونیوں کے ڈویلپرز کے 380 چالان ‘ 175 مقدمات درج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کی طر ف سے گزشتہ سال غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز کے خلاف 380چالان اور متعلقہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر قصورواروں افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں 175مقدمات درج کرائے گئے جبکہ غیر منظور رہائشی سکیموں کے خلاف 245 کارروائیوں میں غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور ان کے دفاتر سربمہر کئے گئے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ایف ڈی اے کے انتظامی امور، ترقیاتی سرگرمیوں اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ ایڈ یشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے عابد حسین بھٹی نے بریفنگ دی جبکہ چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز سہیل مقصود پنوں،جنید حسن منج، اسما محسن، راحیل ظفر، عاصم محمود، یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن شاہد پاشا، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل کو بتایاگیا کہ ایف ڈی اے کے دائرہ کار ایریا میں 163ہاسنگ سکیمیں منظور شدہ اور 230سکیمیں منظوری کے مراحل میں ہیں۔بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے اور آئندہ مالکان کو پراپرٹی کے کوائف وریکارڈ پر مبنی سمارٹ کارڈز جاری کئے جائینگے۔علاوہ ازیں ایف ڈی اے سٹی میں بجلی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل اور پارکس کی تزئین و ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کی انتظامی کارکردگی وشہری ترقی کیلئے امور کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہمہ جہت اقدامات کے آغازکا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ ایف ڈی اے کی اعلی شناخت کو اجاگر کرنے کیلئے نئے عزم وسوچ کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملی وضع کی جائیگی۔ انہوں نے لینڈ یوز رولز، بلڈنگ لاز اور دیگر قوانین کی مثر نفاذ کی ہدایت کی اور کہا کہ عملداری کو یقینی بنانے کیلئے غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کو نتیجہ خیز بنایا جائے اورقصورواروں کے خلاف درج مقدمات میں گرفتاریوں کیلئے ضلعی پولیس سے مضبوط روابط بڑھائیں۔ انہوں نے کہاکہ سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں زیرالتوا چالان تیزرفتاری سے نپٹائے جائیں اوران کی تعمیل کے لئے موثر لائحہ عمل اختیار کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ہاسنگ سکیموں کے غیر قانونی اجرا میں ملوث افراد کے خلاف بھاری جرمانے عائد کریں تاکہ اس منفی رحجان کی سختی سے حوصلہ شکنی ہوسکے۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں بقایاترقیاتی کاموں کی تیزی سے تکمیل کی ہدایت کی اور کہاکہ وہاں پولیس ا سٹیشن کے قیام کیلئے محکمانہ اقدامات کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے دفتری امور میں مکمل شفافیت و میرٹ کو برقرار رکھنے کی تلقین کی اور کہاکہ کوئی فائل بلاجواز تاخیر کا شکار نہ ہو اور ماتحت سٹاف کی کارکردگی مانیٹر نگ کرتے ہوئے انہیں ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں