22

فراڈیئے ملزمان نے پراپرٹی ڈیلر اور دو تاجروں کے اڑھائی کروڑ ہتھیا لئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فراڈیے کاروبار کا جھانسہ دیکر 2تاجروں اور پراپرٹی ڈیلر سے اڑھائی کروڑ روپے لے اُڑے’ رقم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیئے جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکے، پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق لیاقت آباد کے رہائشی سعد بن عبید نے بتایا کہ میں پراپرٹی کا کاروبار کرتا ہوں اور اسکے واقف کار ملزم اسامہ بن فیصل نے لالچ دیا کہ ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا مکان فروخت ہو رہا ہے۔ اچھی لوکیش ہونے پر اچھا منافع مل جائے گا اور ڈیڑھ کروڑ روپے لیکر واپس کئے نہ مکان خریدا، بدلے میں چیک دیا جو کہ کیش نہ ہو سکا۔ جبکہ ڈھڈی والا کے رہائشی افراز یونس نے بتایا کہ وہ کاسمیٹکس کاروبار کرتا ہے اور اس کے واقف کار ملزم اکمل شہزاد گھمن نے 55 لاکھ روپے مالیت کا سامان لیکر بوگس چیک دیا۔ اسطرح منٹگمری بازار میں کاسمیٹکس کا کاروبار کرنیوالے میاں اطہر مصطفی سے بھی ملزم خرم سعید سے 40لاکھ سے زائد مالیت کا سامان خریدا، اور رقم کا مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا، پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں