28

فیصل آباد بھر میں احترام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزیاں ‘ شہریوں میں غم وغصہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ مفت آٹا سپلائی مہم میں مصروف، روزہ خوروں نے احترام رمضان کی دھجیاں اڑا دیں، شہر بھر میں جگہ جگہ سرعام کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کی چاندی ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق رمضان المبارک کے شروع ہوتے ہی شہر بھر میں ہوٹل مالکان اور اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں نے رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں شروع کر رکھی ہیں، دن بھر سرعام کھانے پینے کی اشیاء دھڑلے سے فروخت کی جا رہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس نے احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد کروانے میں مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ قبل ازیں رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ضلعی انتظامیہ لاری اڈوں’ بس سٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولت کے لیے بعض ہوٹل مالکان کو اجازت دی جاتی تھی کہ وہ بھی روزہ داروں کو خیال رکھتے ہوئے اپنے ہوٹل اور ٹھیلہ کے گرد ٹینٹ لگا کر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کر سکتے ہیں جبکہ اس مرتبہ تو شہر بھر میں ہوٹل’ تندور’ چائے ہوٹل سرعام دن بھر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کر رہے ہیں اور روزمرہ خود بھی روزہ داروں کا خیال کرنے کی بجائے سرعام کھانے پینے سے ہچکچاہٹ تک محسوس نہیں کرتے اور بالخصوص آٹھ بازاروں میں بھی رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر سلوت سعید’ ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران احترام رمضان کے قانون پر عملدرآمد کروانے کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں اور رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں