فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میںادبی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اکیڈمی آف آرٹ اینڈ کلچر قائم کی جائے گی جبکہ شہر کی ممتاز شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ”وال آف فیم ” تعمیر کی جائے گی۔ یہ بات فیصل آباد ڈویژن کی پنجاب کونسل آف آرٹس کے بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے بورڈ کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ فیصل آباد کی جامع تہذیبی و ثقافتی ترقی کے لیے پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کا بورڈ آف مینجمنٹ تمام ممکنہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ادبی بیٹھک کو بھی فعال بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے تاریخی ورثہ کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے شاعر، ادیب، قلم کار اور فنونِ لطیفہ سے جڑے ہوئے لوگ ہی دراصل اس شہر کا قیمتی سماجی، معاشرتی، ثقافتی اور تمدنی اثاثہ ہیںجن کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہو گی۔
