فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد اور اسکے گردونواح میں شدید بارش کے باعث سردی کی لہر میں اضافہ جبکہ بجلی اور گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ دوپہر سے فیصل آباد اور گردونواح میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، جسکی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کے باعث فیسکو کے سینکڑوں فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کے اکثر علاقوں میں شام سے رات گئے تک بجلی بند رہی اور اکثر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور بجلی بند ہونے سے گھروں میں کھانا پکانا دشوار ہو گیا، جس کا نان بائیوں نے خوب فائدہ اٹھایا اور روٹی اور نان کے منہ مانگے دام وصول کرتے رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فیسکو کی جانب سے معمولی بارش ہوتے ہی بجلی بند کر دی جاتی ہے جسکی وجہ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ جاتا ہے۔
32