125

فیصل آباد میں میٹرو بس سروس کے اجراء کیلئے نئے سرے سے سٹڈی کا آغاز کردیا گیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی)کے اشتراک سے فیصل آباد میں بی آرٹی(بس ریپڈ ٹرانزٹ)منصوبہ کے تحت اندرون شہر میٹرو بس سروس کے اجرا کیلئے نئے سرے سے سٹڈی کا آغاز کردیاگیا جس کیلئے اے ڈی بی کے آٹھ رکنی مشن نے فیصل آباد کادورہ کیااور منصوبے کے ضروری تقاضوں اور نمایاں پہلوئوں کاجائزہ لینے کیلئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے ملاقات کی۔ چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن،ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ سانول ملک ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے مشن میں ہما ڈاہا ، حامد خان ، محمد حسین ودیگر ماہرین شامل تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مشن کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آباد میں باوقار اور باکفایت سفری سہولیات کی ضروریات سے آگاہ کیااور بتایاکہ اس سلسلے میں قبل ازیں بھی مختلف فورم پر تفصیلی سروے کے ذریعے ضروری روٹس ، متعلقہ ترقیاتی امور اور دیگر تقاضوں کا جائزہ لیاگیاہے تاہم اس منصوبے کو مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر کامیاب بنانے کیلئے جدید سائنسی اصولوں پر تکینکی اقدامات ناگزیر ہے جس کیلئے ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے زیر اہتمام عالمی معیار کے ماہرین کی فنی معاونت بڑی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ماسٹرپلان کے تحت مستقبل میں اربن ٹرانسپورٹ سروس کی ضرورت سمیت ٹرانسپورٹ سٹینڈز اورٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ضروری منصوبوں کی نشاندہی کردی گئی ہے ۔ انہوں نے مشن کے ارکان کو ایف ڈی ایکے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ شہری ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے ہمیشہ پرعزم ہیں اس سلسلے میں مختلف شاہرات کی ری ماڈلنگ ، فلائی اوورز ، انڈر پاسز کی ضروریات، چوکوں کی ڈیزائنگ اور شہری خوبصورتی کے دیگر اقدامات کی منصوبہ بندی تجویز کی گئی ہے جبکہ شہرمیں ٹریفک کنٹرول، گاڑیوں کی پارکنگ، ٹریفک سگنلز کے عمدہ انتظامات میں تکینکی معاونت کیلئے ایف ڈی اے کی زیرنگرانی ٹیپا کو فعال بناکر اقدامات کو آگے بڑھایا جائیگا ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے زور دیا کہ میٹرو بس سروس کے منصوبے کے حوالے سے شہریوں کو شہرکے ایک کونے سے دوسرے کو نے تک سفری سہولت فراہم کرنے کی ترجیحات کو فوقیت دی جائے اس سلسلے میں مستقبل کی ضروریات کے مطابق روٹس کی تجاویز مرتب کرنے اور دیگر ترقیاتی امور کیلئے ایف ڈی اے کاشعبہ انجینئرنگ انکی بھرپور رہنمائی اور معاونت فراہم کریگا ۔ مشن کے اراکین نے بی آرٹی کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیااور بتایاکہ اے ڈی بی کی طرف سے متوازن و مستحکم اربن آپریشن کے سلسلے میں پنجاب اربن پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے مضبوط فنانسنگ ماڈل ترتیب دیاجارہاہے اس ضمن میں سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے دوران تکینکی آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ تجاویز حاصل کی جارہی ہیں ۔انہوں نے اربن ٹرانسپورٹ سروس کے حوالے سے ایف ڈی اے کی جائزہ رپورٹ کوسراہتے ہوئے بی آر ٹی منصوبے کیلئے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے منصوبہ سازی کے لئے باہمی روابط کا سلسلہ مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں