فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8فروری کو ہونیوالے عام انتخابات کے موقع پر ضلع فیصل آباد کے 10 قومی اور21صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں حساس ترین پولنگ اسٹیشن کی فہرست جاری کر دی، جہاں پر ضلعی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو فول پروف انتظامات کرنے کی سفارش کر دی، جہاں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائے۔ ضلعی الیکشن کمشنر کی طرف سے جاری ہونیوالی فہرست میں ضلع بھر کے 10قومی اور 21صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے مجموعی طور پر 3687 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 475 پولنگ اسٹیشن کو اے کیٹیگری میں شامل کر کے حساس ترین 1695 کو بی کیٹیگری میں شامل کرتے ہوئے حساس اور 1517 پولنگ اسٹیشنز کو Cکیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ حساس ترین قرار دیئے جانیوالے حلقہ این اے95 میں 91 پولنگ اسٹیشنز’ حلقہ این اے96 میں 14 پولنگ اسٹیشنز’ حلقہ این اے97 میں 71 پولنگ اسٹیشنز’ حلقہ این اے98 میں 30 پولنگ اسٹیشن’ حلقہ این اے99 میں 45 پولنگ اسٹیشن’ سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ خاں کے حلقہ این اے100 میں سب سے زیادہ 95 پولنگ اسٹیشن کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ این اے101 میں 33 پولنگ اسٹیشن’ حلقہ این اے102 میں 26 پولنگ اسٹیشن’ حلقہ این اے103 میں 40پولنگ اسٹیشن اور حلقہ این اے104 میں 30 پولنگ اسٹیشن کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے مذکورہ حلقوں کے پولنگ اسٹیشن میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں۔
