فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)معروف روحانی شخصیت مفتی محمد امین رحمتہ اللہ علیہ کے بیٹے درودشریف والی مسجد کے خطیب قاری محمد مسعود احمد حسان نے مسلم لیگ (ن) پی پی 117 کے امیدوارخواجہ محمد رضوان کی مکمل حمایت کا اعلا ن کردیا اور مفتی محمد امین کے مزار پر خواجہ محمد رضوان کیلئے خصوصی دعا کی’اس موقع پر ڈاکٹر ذکی اور مرزا کاشف بھی موجود تھے’ قاری محمدمسعود احمد حسان نے کہا کہ پی پی 117 کے مذہبی حلقے بھی آپ کی مکمل حمایت کریں گے اور آپ کو کامیاب کروائیں گے’ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پی پی 117 کے امیدوارخواجہ محمد رضوان نے قاری محمد مسعود احمد حسان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی حمایت سے میری جیت یقینی ہو گئی ہے’ جس امیدوار کیساتھ آپ جیسے اللہ کے نیک اور پرہیز گار بندوں کی دعائیں ہوں وہ کسی میدان میں نہیں ہارتا’ انشاء اللہ کامیابی کے بعد آپ لوگوں کی بے پناہ خدمت کر کے آپ کی محبتوں کا قرض اتاروں گا’ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بے شرمی اور بے حیائی کا جو کلچر متعارف کروایا تھا اس نے نوجوان نسل کو گمراہ کر دیا ہے’ ایسے شخص کو کڑی سزا ملنی چاہئے’ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آ کر ان لوگوں کا محاسبہ کرے گی جو قوم کی مائوں’ بہنوں اور بیٹیوں کو چوراہوں میں رقص کرواتے ہیں اور انہیں گمراہ کرتے ہیں’ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے’ جب بھی اقتدار سنبھالا ملکی معیشت مضبوط ہوئی’ کارخانے چلے اور مزدور کو روزگار ملا’ اگر 2018 میں ملک کو ناتجربہ کاروں کو نہ لایا گیا ہوتا تو آج پاکستان کی یہ حالت نہ ہوتی’ مگر اب عوام جان چکی ہے اور باشعور عوام اب ان شعبدہ بازوں کی سازش کا شکار نہیں ہوں گے اور نواز شریف کے شیروں کو کامیاب کروا کر استحکام پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔
