فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے معروف تاجر عمیر نے پریس کلب فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ “رائل مین اسٹیچر اینڈ فیبرک” کے نام سے کپڑے کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کی لنتا نور نامی لڑکی کے ساتھ کاروباری شراکت داری تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ دفتر کی چابیاں لنتا نور کے پاس ہوا کرتی تھیں، جو ان کی غیر موجودگی میں مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر کے لے گئی ،عمیر نے بتایا کہ جب انہوں نے اس پر اعتراض کیا تو لنتا نور نے جواب دیا کہ ڈیڑھ لاکھ روپے دے کر سامان واپس لے لو، لیکن جب عمیر نے ادائیگی کر کے سامان حاصل کرنا چاہا تو وہ صرف 70ہزار روپے مالیت کا نکلا۔ اس پر انہوں نے 15پر کال کر کے سامان برآمد کروایا اور پولیس کو باقاعدہ تحریری درخواست بھی دی، مگر تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ علی نامی شخص 35سے 40افراد لے کر ان کے دفتر آ گیا، جہاں نہ صرف انہیں ہراساں کیا گیا بلکہ محبوس بنا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ عمیر نے بتایا کہ انہوں نے تھانہ پیپلز کالونی میں درخواست دی اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی فراہم کی، مگر اس کے باوجود کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔عمیر نے وزیرِ اعظم پاکستان، وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں۔
