فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ریونیو ریکوری کیلئے موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کاحکم دیاہے اور کہاکہ تمام افسران اپنے شعبوں سے متعلقہ واجبات کی وصولی کی رفتار تیز کریں اور دیرینہ نادھندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرکے 100فیصد ریکوری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران مختلف شعبوں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جنید حسن منج ، ڈائریکٹر فنانس /آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن ، عاصم محمود ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ دلاور خاں چڈھر ، ڈائریکٹر ٹیپا سہیل مقصود پنوں ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسسٹنٹ مینجمنٹ میاں اظہار الحق ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں منیب ریاض اور دیگر افسران موجود تھے ۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ریونیو ریکوری میں اضافہ ناگزیر ہے اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ ریونیو پوزیشن کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور فیلڈ سٹاف کو مزید متحرک کرکے واجبات کی وصولی میں کارکردگی بہتر بنائیں ۔ انہوں نے ہائوسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلپمنٹ کے خلاف عائد جرمانو ں اور کمرشلائزیشن فیسوں کی وصولی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ قواعد وضوابط اور مروجہ پالیسی کے مطابق کامیاب ایکشن کریں اس ضمن میں کسی قسم کی سفارش یا دبا کو خاطر میں نہ لایا جائے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے غیرقانونی کمرشلائزیشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں بلامنظوری نقشہ کوئی عمارت تعمیر نہیں ہونی چاہئے جبکہ نقشہ کی منظوری کی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کریں تاکہ درخواست گزاروں کو ہر ممکن آسانی میسر آسکے۔انہوں نے سروس ڈیلیوری کے حوالے سے کارکردگی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔ اجلاس کے دوران مختلف افسران نے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور واجبات کی وصولی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
