فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) پی پی 117 کے امیدوار خواجہ محمد رضوان نے کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے’ 8فروری کو ہر طرف شیر دھاڑے گا ملک کو موجودہ حالات میں پہنچانے والی پی ٹی آئی کا سیاسی طور پر نام و نشان ختم ہوجائیگا جنہوں نے پاکستانی معیشت کا بیڑہ غرق کیا ہے’ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین ارشد ناز کی یونین کونسل 149 منیر آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا’ اس موقع پر امیدوار قومی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری کے علاوہ لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی’ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی عوام آج بھی میاں محمد نواز شریف سے محبت کرتے ہیں’ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہی ملک کو بچانے کی آخری کرن ہیں اور انشاء اللہ وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ‘فیصل آباد جوکہ پاکستان مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہونگے’ عوام نواز شریف کے علاوہ کسی کو وزیر اعظم دیکھنا نہیں چاہتے آج کا یہ جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن سے محبت کرتے ہیں اور انشاء اللہ ن لیگ ہی برسر اقتدار آکر عوام کی تقدیر بدلے گی’ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر کو جہاں سے بریک لگی تھی یہ سفر وہیں سے شروع ہوگا اور پاکستان ایک بار پھر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا’ خواجہ محمد رضوان نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا سلوگن عوامی خدمت ہوگی’ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی ملک میں خوشحالی اور ترقی ہوئی جبکہ ہمارے مدمقابل جتنی بھی سیاسی پارٹیاں ہیں انہوں نے اقتدار میں آ کر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ‘ قوم مایوس نہ ہو اچھے دن آنے والے ہیں۔
