64

مختلف واقعات میں 2خواتین سمیت 4افراد قتل 4زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات کے دوران 2 خواتین سمیت 4افراد قتل’ دو خواتین سمیت 4افراد بری طرح زخمی ہو گئے، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق غلام محمد آباد کے علاقہ صوفی چوک کے رہائشی کم سن دوستوں 13سالہ زوہیب اور 14سالہ عبید رضا کا کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تو زوہیب نے دوست عبید کے بیٹے پر مکا مارا تو وہ گر پڑا اور موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ 214 رب رسول نگر کی رہائشی صغراں بی بی نے بھتیجے عمر فاروق کو بازار سے سودا لانے کو کہا تو انکار کرنے پر لعن طعن کی تو عمر فاروق نے طیش میں آ کر گولی مار کر پھوپھی صغراں بی بی کو موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں نشاط آباد کے علاقہ 7 ج ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مشتعل ملزمان خلیل’ نوید وغیرہ نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے انتظار ولد لیاقت’ مدیحہ دختر یٰسین اور فوزیہ زوجہ سلیم کو زخمی کر دیا، جنہیں ہسپتال لایا گیا جہاں پر فوزیہ بی بی زوجہ سلیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ علاوہ ازیں 53 ج ب میں سابقہ مقدمہ بازی کا بدلہ لینے کی خاطر مسلح افراد فہد’ جاوید وغیرہ نے مخالف علی احمد کے گھر داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے 24سالہ علی حسن ولد علی احمد مارا گیا جبکہ اس کا بھائی محمد عمر اور ہمشیرہ صباء بری طرح زخمی ہو گئیں۔ ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا جبکہ پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں