جڑانوالہ(نامہ نگار)مہنگائی کا جن بے قابو،قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے باعث چکن اور انڈے عوام کی پہنچ سے دور،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کمروں تک محدود ہو کر رہ گئے، عوامی سماجی حلقوں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ چشم پوشی کے باعث مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے سردی کے باعث پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتیں و معیار چیک کرنیکی بجائے کمروں تک محدود ہو چکے ہیں اور افسران بالا کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے باوجود اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونیوالے چکن اور انڈوں کی قیمتیں چیک کرنیکی بجائے سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہے ہیں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مبینہ آشیرباد سے مافیا نے اپنی من مرضی کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں اوپن مارکیٹ میں چکن کی فی کلو قیمت 670 روپے اور فی درجن انڈوں کی قیمت 430 روپے تک پہنچ چکی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کو ترس چکے ہیں رہی سہی کسر چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ نے نکال دی ہے اب تو چکن اور انڈے بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں، شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھاری تنخواہوں اور مراعات حاصل کرنے کے باوجود مصنوعی مہنگائی کے مرتکب مافیا کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہیں اور عملی طور پر کارروائیاں کرنے کی بجائے زبانی جمع خرچ تک محدود ہو چکے ہیں عوامی سماجی حلقوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عبدالحنان خان سے مطالبہ کیا ہے کہ چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈائون کیا جائے۔
