فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مرید والا سے لیکر عبدالحکیم تک مین روڈ ٹوٹ پھوٹ کاشکار ، آمدورفت میں شدید مشکلات،حادثات کا خد شہ بڑھ گیا،لوگوں کی ”دہائی”کے باوجود مذکورہ سڑک کی تعمیرومرمت نہ ہوسکی،نگران وزیراعلی محسن نقوی نوٹس لیکر اس مین روڈ کودرست کروائیں،عوامی مطالبہ،تفصیل کے مطابق مرید والا تاعبدالحکیم مین روڈ جگہ جگہ سے اکھڑچکی ہے اورکئی جگہوں پرسڑک میں گڑھے بن چکے ہیں، اس صورتحال سے اس روڈ پرسفرکرنا سخت دشواربن گیا ہے جبکہ گاڑیوں کونقصان پہنچنے کے علاوہ حادثات بڑھ جانیکا خدشہ لمحہ فکریہ ہے،لوگوں نے متعدد بارمطالبہ کیا ہے کہ اس مین روڈ کی تعمیرومرمت کرکے درپیش خطرات سے نجات دلائی جائے مگرابھی تک متعلقہ حکام کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگی اورانہوں نے سنی ان سنی کررکھی ہے،عوامی سماجی حلقوں نے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی اس صورتحال کا نوٹس لیں اورمرید والا تاعبدالحکیم مین روڈ کی تعمیرومرمت کروا کرلوگوں کودرپیش مشکلات حل کی جائیں۔
