اسلام آباد(بیوروچیف)کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے مجموعی اثاثوں کا تخمینہ31کروڑ59لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔ رپورٹ کے مطابق رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز ارب پتی بننے کے قریب ہیں، جن کے اثاثوں کی کل مالیت 85 کروڑ روپے سے زائد ہے۔جمع کروائی گئی دستاویزات ظاہر کرتی ہیں کہ عمران خان نے 30 جون 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران ایک کروڑ 56 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جبکہ ان کی شریک حیات بشری بی بی نے مالی سال 23-2022 کے دوران ایک کروڑ 98 لاکھ روپے کی آمدنی پر 32 لاکھ 80 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔عمران خان کے اثاثے 2018 کے انتخابات سے قبل جمع کروائی گئی دستاویزات کے مقابلے میں بڑھ گئے ہیں جس میں انہوں نے اپنے اثاثے 3 کروڑ 86 لاکھ روپے ظاہر کیے تھے۔
