تاندلیانوالہ (نامہ نگار) تھانہ گڑھ کے علاقہ ساہیوال روڈ پر مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوبیاہتا جوڑا جاں بحق ہو گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں، میاں بیوی کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر گائوں میں کہرام مچ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 450 گ ب کے قیوم کی شادی ایک ہفتہ قبل ساہیوال کی رہائشی مناہل سے ہوئی تھی، گزشتہ روزقیوم اپنی اہلیہ مناہل اور پھوپھی رخسانہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر ساہیوال سے واپس گائوں آ رہا تھا جب وہ تھانہ گڑھ کے علاقہ ساہیوال روڈ پر مجید چوک کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر سے میاں بیوی سمیت تینوں بری طرح زخمی ہو گئے اور نوبیاہتا جوڑا قیوم اور اسکی اہلیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیں اور مزدا ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔
