فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد کی فائرنگ سے مخالف لہولہان ہو گیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، ریسکیو1122 نے مضروب کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق سرگودھا روڈ 8 ج ب کے رہائشی 22سالہ وسیم ولد عارف نے بتایا کہ اسکی بعض ملزمان کے ساتھ پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی گزشتہ روز وہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ ڈائیوو روڈ پر واقع القریش فیکٹری نزد سمال انڈسٹری کے قریب پہنچا تو تعاقب میں آنے والے مسلح افراد نے فائرنگ کر کے بری طرح زخمی کر دیا۔ ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ بعدازاں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔
