18

مسلح ڈاکوئوں نے بیوپاری کو گولیاں مار کر 40لاکھ روپے لوٹ لئے

گوجرہ(نامہ نگار)موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے ڈکیتی کی وارداتوں میں بیوپاری سمیت راہ گیروں کولاکھوں روپے کی نقدی،طلائی زیورات وغیرہ سے محروم کر دیا ۔ڈاکوئوں نے ایک شخص کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا ۔معلوم ہواہے کہ چک نمبر235ج ب بھوانہ کا نزاکت اور محمد خان ڈالہ نمبر1740ایف ڈی ایس پر سوارملو موڑ منڈی مویشیاں جھنگ جا رے تھے کہ تھانہ نواں لاہور کے علاقہ میں بڈھ پل کے قریب انہیں موٹر سائیکل سوار چار نامعلوم ڈاکوئوں نے روکنے کی غرض سے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں محمدخان شدید زخمی ہو گیا اور ڈاکوان سے چالیس لاکھ روپے کی نقدی وغیرہ چھین کر فرارہوگئے شدید زخمی کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر نواں لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں طبی امدادکی فراہمی جاری ہے۔ایک دوسری واردات میں محلہ حسنیہ کالونی گوجرہ کا شیخ الطاف حسین اپنے گھر سے شہر کی جانب آرہاتھاکہ محلہ شریف پورہ کے نزدیک اسے موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر روک لیااور جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر اس سے چار لاکھ روپے کی رقم چھین لی۔تیسری واردات میں مرید والا کے چک نمبر198گ ب کالیاقت اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوارگوجرہ سے اپنے گائوں جا رہا تھاکہ چک نمبر370ج ب گھنیاں کے قریب” انی پلی”پر انہیں موٹر سائیکل سوارڈاکوئوں نے روک کر گن پوائنٹ پر ان سے قیمتی طلائی زیورات،نقدی اور موبائل وغیرہ چھین لیا ۔ڈاکوکامیاب وارداتوں کے بعد فرارہو گئے۔تھانہ سٹی اور نواں لاہور پولیس کوآگاہ کر دیا گیاہے ۔پولیس مصروف کارروائی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں