گوجرہ(نامہ نگار) ایرانی کونسلیٹ ثقافتی مرکز کے ڈائریکٹر جنرل جعفر اروناس نے کہا ہے کہ مصور ویلفیئر کونسل (رجسٹرڈ) گوجرہ کی سماجی خدمات قابلِ ستائش جبکہ قرآنی خطاطی کی نمائش اور اجتماعی شادیوں کا اہتمام نمایاں خدمات ہیں۔ثقافتی مرکز ایرانی کونسلیٹ لاہور میں منعقدہ 9ویں اشرف القلم قومی مقابلہ خطاطی کی شاندار تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر صدر مصور ویلفیئر کونسل گوجرہ حافظ محمد عباس علی کو ڈائریکٹر جنرل ایرانی کونسل خانہ جعفر اروناس نے توصیفی سند اور اعزاز سے نوازا۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط اشرف ھیرا سمیت نامور شخصیات اور بین الاقوامی منتخب خطاط بھی اس موقع پر موجود تھے. ڈی جی ایرانی کونسل خانہ جعفر اروناس نے مزید کہا کہ انہیں مصور ویلفیئر کونسل گوجرہ کی اگلے ماہ منعقدہ سلور جوبلی تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی ہو گی۔ایرانی کونسل خانہ لاہور میں حافظ محمد عباس علی کو شاندار سماجی خدمات پر خصوصی مہمان شخصیت قرار دیا گیا۔
