جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے ،سیلاب سے بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی، سیلاب سے متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے 16.3ارب ڈالر کی فوری ضرورت ہے۔ ملکی معیشت کی بحالی بھی ایک بڑا چیلنج ہے ۔پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے موضوع پر جنیوا میں ہونیوالی کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کرنیوالے تمام معزز شرکاء کاپاکستانی عوام کا دکھ درد بانٹنے پر بھی شکر گزار ہوں، میں پاکستان کے لوگوں کے احساسات آپ تک پہنچانا چاہتا ہوں، جس طرح آپ نے ان سیلاب متاثرین کے لیے آواز بلند کی ، ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں روشناس کرایا ہے۔
