فیصل آباد(پ ر) پا کستان تحریک انصاف کے رہنما سمیع اللہ خان کاکڑ نے کہا کہ یہ ملک چند پارٹیوں کا نہیں 22کروڑ عوام کا ہے، ملک خو ا ہشات کے تحت نہیں بلکہ آئین کے تحت چلتے ہیں ، عدلیہ کو تقسیم کرنے کے تباہ کن نتائج نکلیں گے ، حکومت ہر روز آگ لگانے کے نئے نئے طر یقے ایجاد کررہی ہے، ریاستی ادارے عدلیہ کے احکامات ماننے کی بجائے عدالتوں کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست کو مزید بند گلی کی طرف نہ دھکیلاجائے، عوام کی منشا کے برعکس کئے گئے فیصلے تباہی لائیں گے، اس وقت جو حکمران ملک کے سیاہ و سفید کے مالک بنے ہوئے ہیں یہی لوگ پہلے بھی کئی بار ملک کو آئینی بحرانوں اور معاشی تباہی کے تحفے دے چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہی لوگ عدلیہ اور سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم جوئی کی سرپرستی کرتے رہے ہیں اور آج بھی انہوں نے اپنے ماضی سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور وہ دھن دھونس کے ذریعے اپنی خواہشات کے مطابق ملک چلانا چاہتے ہیں۔
