فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مرکزی صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسین محی الدین قادری نے منہاج یوتھ لیگ کے زیرِاہتمام صوفی نائٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ اور اسلام پر رکھی گئی تھی، اس ملک کا حصول اسلام کے لیے کیا گیا تھا۔ یہی پاکستان اس اسلام اور اس کے عطا کردہ نظام کا محافظ نہ ہوسکا۔ جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آج 75 سال بعد پاکستان شاید واحد ملک ہوگا جس نے اپنی آزادی سے لیکر آج تک صرف تباہی اور زبوں حالی ہی دیکھی ہے۔ قیامِ پاکستان کے وقت قائد اعظم محمد علی جناح سے جب سوال کیا گیا کہ پاکستان کا دستور کیا ہوگا تو انہوں نے قرآنِ پاک ہاتھ میں پکڑ کر کہا تھا کہ یہ کتاب اللہ اس مملکتِ خداداد پاکستان کا دستور ہوگی۔ افسوس ہم نے بان پاکستان کی اس بات کو بھلا دیا اور قرآن اور صاحبِ قرآن سے اپنا تعلق توڑ لیا جس کے نتیجے میں آج ملکِ پاکستان کے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک صحیح معنوں میں علامہ اقبال اور قائدِ اعظم کا پاکستان بنے تو ہمیں پھر سے قرآن اور صاحبِ قرآن کی طرف رجوع کرنا ہوگا
39